آزادکشمیر انتخابات: وزیراعظم فیصل راٹھور سے پیپلز پارٹی کی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم کی ملاقات

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا کوآرڈینیٹر برائے ڈیجیٹل میڈیا سیف علی قریشی کی قیادت میں سوشل میڈیا ٹیم نے ملاقات کی۔

ٹیم میں طلال حسین چانڈیو، میر اریسر اور رضوان مراد شامل تھے۔ یہ سوشل میڈیا ٹیم سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ قانون ساز اسمبلی انتخابات میں انتخابی مہم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، مؤثر ڈیجیٹل حکمت عملی مرتب کرنے اور پارٹی کے پیغام کو عوام تک بھرپور انداز میں پہنچانے کے لیے پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی مدد کرنے کیلیے بھیجی ہے۔

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے اور عوام تک بروقت، مستند اور مؤثر انداز میں معلومات پہنچانے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر سوشل میڈیا مہم انتخابی عمل میں عوام سے رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار اور نظریاتی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اور جدید ذرائع ابلاغ کے ذریعے پارٹی کا منشور اور حکومت کی کارکردگی عوام تک پہنچائی جائے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سندھ سے آنے والی ڈیجیٹل میڈیا ٹیم،پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ مل کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے پارٹی کی انتخابی مہم کو مزید مؤثر اور منظم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ملاقات میں آزاد جموں و کشمیر کے آئندہ انتخابات، ڈیجیٹل میڈیا حکمت عملی، سوشل میڈیا پر مؤثر رابطہ مہم، نوجوان ووٹرز تک رسائی اور پارٹی بیانیے کو جدید انداز میں فروغ دینے سے متعلق مختلف امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے ڈی جی پولیٹیکل افیئرز عامر ذیشان جرال ،پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی ،چییرمین علماء و مشائخ صاحبزادہ ذوالفقار ،عبد الشکور صدیق اور رفاقت عباسی ، زوبیہ خورشید ، اسد علی ، سعید ظفر کو ہدایت کی کہ وہ تمام اضلاع میں پارٹی کی سوشل میڈیا ٹیم سے رابطہ کریں اور سندھ سے آئی ہوئی سوشل میڈیا ٹیم کے ساتھ ملکر پارٹی امیدواروں موثر انتخابی مہم کو یقینی بنائیں ۔اس موقع پر پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر محترمہ شاہین کوثر ڈار بھی موجود تھیں۔

یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اسی سوشل میڈیا ٹیم نے گلگت بلتستان میں بھی مقامی ٹیم کے ساتھ ملکر انتخابی سوشل میڈیا مہم چلائی تھی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close