اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں طوفانی ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
پنجاب میں لاہور، میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اور حافظ آباد میں بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ میں کراچی، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، میرپورخاص، تھرپارکر، عمرکوٹ، سانگھڑ، نواب شاہ، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور، سکھر اور گھوٹکی میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا کے پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کوہاٹ، کرک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، سوات، دیر، مالاکنڈ، باجوڑ، شانگلہ، بونیر، مہمند، خیبر اور وزیرستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان کے گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر، استور، غانچے، شگر اور کھرمنگ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی اور بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور عمارتوں، کچے مکانات اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں خشک اور گرم موسم برقرار ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق فی الحال پنجاب میں بارش برسانے والا کوئی مؤثر موسمی نظام موجود نہیں، تاہم بعض علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بننے کے باعث ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






