چلاس: وادی کھنبری میں کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں درجنوں مکانات، فصلیں، باغات اور رابطہ سڑکیں مکمل طور پر متاثر ہو گئی ہیں۔
ضلع دیامر کے بالائی اور دور افتادہ علاقوں میں موسلا دھار بارش اور کلاؤڈ برسٹ کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے شدید نقصان پہنچایا۔ سیلابی ریلے اپنے ساتھ درخت، لکڑیاں اور ملبہ بہا لے گئے، جس سے مقامی آبادی کے مکانات کو نقصان پہنچا اور زرعی زمینیں اور باغات تباہ ہو گئے۔
پولیس اور مقامی انتظامیہ کی رپورٹس کے مطابق سب سے زیادہ تباہی وادی کھنبری میں ہوئی ہے، جبکہ داریل کی وادی کھنبری، منیکال، شاہی محل، بیچھے نالہ اور لنچر میں بھی سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
سیلاب کے باعث مختلف علاقوں میں سڑکیں اور رابطہ راستے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں، جس سے دور افتادہ وادیوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ راستے بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقوں میں خوراک اور بنیادی اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔
مقامی افراد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بند سڑکوں کو ہنگامی بنیادوں پر بحال کیا جائے تاکہ محصور خاندانوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) دیامر کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں کے لیے متحرک ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ تاہم راستوں کی بندش کے باعث ریسکیو اور امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





