اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے کیوبیک کے ایک چھوٹے سے قصبے نے درختوں کو باقاعدہ طور پر زندہ مخلوق تسلیم کرتے ہوئے انہیں بنیادی حقوق دینے کا تاریخی فیصلہ کیا ہے۔
قصبے تیراس وودروئیل کی میونسپل کونسل نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس کے تحت درختوں کے حقِ زندگی، قدرتی نشوونما، جسمانی سالمیت اور دوبارہ افزائش کو تسلیم کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کینیڈا کی پہلی بلدیہ ہے جس نے درختوں کے حقوق سے متعلق عالمی اعلامیے کی بھی حمایت کی ہے۔
میئر مشیل بوردو کے مطابق درخت انسانی زندگی، ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی میں کمی، پانی کے بہتر انتظام اور حیاتیاتی تنوع کے لیے نہایت اہم ہیں، اسی لیے ان کے تحفظ کو قانونی اور انتظامی سطح پر مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
قرارداد کے بعد مقامی انتظامیہ نے درختوں کے تحفظ سے متعلق قواعد و ضوابط پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ یہ بھی طے کیا گیا ہے کہ اگر کسی درخت کو کاٹنا ناگزیر ہو تو اس کے بدلے لازمی شجرکاری کی جائے گی۔
ماحولیاتی ماہرین نے اس اقدام کو فطرت کے حقوق کے عالمی تصور کی جانب ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






