نیا آئی فون 18 پرو کیسا ہوگا؟ فیچرز اور متوقع قیمت جانیے

دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی Apple اپنے نئے فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو کو جلد متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس نئے ماڈل میں متعدد اہم تبدیلیوں اور نئے فیچرز کی توقع کی جا رہی ہے، جس کے باعث صارفین کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ ہر سال کی طرح اس بار بھی دنیا بھر میں ایپل کے نئے آئی فون کا بے چینی سے انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں لانچ ہونے والا آئی فون 17 صارفین میں کافی مقبول رہا تھا۔

رپورٹس کے مطابق کمپنی اس بار بھی ڈیزائن میں بڑی تبدیلی لانے کے بجائے معمولی اپ ڈیٹس پر توجہ دے رہی ہے، کیونکہ ایپل ہر سال مکمل طور پر نیا ڈیزائن پیش نہیں کرتا۔ تاہم اس بار رنگوں میں تبدیلی کا امکان ہے، جن میں ڈارک چیری، لائٹ بلیو، ڈارک گرے اور سلور شامل ہو سکتے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ڈارک چیری کو اس سیریز کا نمایاں رنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ فون کے بیک ڈیزائن کو مزید ہموار اور خوبصورت بنانے پر بھی کام جاری ہے۔

ڈسپلے کے حوالے سے بھی بہتری کی توقع ہے، جس میں ایک نئی اسکرین ٹیکنالوجی شامل ہو سکتی ہے جو کم توانائی استعمال کرے گی اور بہتر کلر کوالٹی فراہم کرے گی۔ اس کے علاوہ ڈائنامک آئی لینڈ کو مزید چھوٹا کرنے کا امکان ہے تاکہ اسکرین اسپیس میں اضافہ ہو سکے۔

کارکردگی کے لحاظ سے آئی فون 18 پرو میں ممکنہ طور پر نیا A20 پروسیسر استعمال کیا جائے گا جو 2nm ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ اس چپ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ پچھلے ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ تیز اور توانائی کی بچت کرنے والی ہوگی۔ اس کے ساتھ بہتر موڈیم اور تیز انٹرنیٹ سپورٹ کی بھی توقع ہے۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس میں 12GB RAM دی جا سکتی ہے، جس سے فون کی مجموعی کارکردگی اور AI فیچرز مزید بہتر ہوں گے۔

بیٹری کے حوالے سے بھی بہتری کی توقع ہے، جبکہ کنیکٹیویٹی کے لیے نئی ٹیکنالوجی شامل کی جا سکتی ہے جس سے سیٹلائٹ کے ذریعے محدود انٹرنیٹ استعمال بھی ممکن ہو سکتا ہے۔

کیمرہ سسٹم اس بار بڑی اپ گریڈ کا حصہ ہو سکتا ہے، جس میں تین 48 میگا پکسل لینز شامل ہونے کی توقع ہے: مین، الٹرا وائیڈ اور ٹیلی فوٹو۔ اس سے خاص طور پر کم روشنی میں بہتر اور واضح تصاویر حاصل کی جا سکیں گی۔

مصنوعی ذہانت کے میدان میں بھی ایپل بڑی پیش رفت کرنے جا رہا ہے، جہاں سری سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ صارف کی بات کو زیادہ مؤثر انداز میں سمجھ اور جواب دے سکے، اور اس میں گوگل اور دیگر جدید AI ٹیکنالوجیز کے فیچرز بھی شامل کیے جانے کی بات کی جا رہی ہے۔

قیمت کے حوالے سے کمپنی کے سی ای او ٹم کک کے مطابق بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث قیمتوں میں اضافہ ممکن ہے، اور ماہرین کا اندازہ ہے کہ نیا ماڈل پچھلے فون کے مقابلے میں تقریباً 200 ڈالر مہنگا ہو سکتا ہے۔

لانچ ٹائمنگ کے حوالے سے یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ممکنہ فولڈیبل آئی فون ستمبر 2026 میں پیش کیے جا سکتے ہیں، جبکہ عام آئی فون 18 کو 2027 تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔ تاہم ایپل کی جانب سے اس بارے میں ابھی کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close