شہید بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم اور سابق وزیراعظم پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے تہترویں یومِ پیدائش کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کے استحکام کے لیے تاریخی خدمات انجام دیں اور مشکل ترین حالات میں بھی آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کا پرچم بلند رکھا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد، عوام دوستی، جرات، عزم اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے دی گئی قربانیاں آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، بہادری اور قربانی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا ایسا سیاسی ورثہ ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

فیصل ممتاز راٹھور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے نظریات اور عوامی خدمت کے مشن کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے اپنے پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے درجات بلند فرمائے اور انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ آمین۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close