ویتنام میں ہو چی منہ سٹی کی پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران گوشت کی تجارت کے لیے مبینہ طور پر چرائی گئی 400 سے زائد بلیاں بازیاب کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کر لیا۔
مقامی میڈیا اور جانوروں کے حقوق کی تنظیموں کے مطابق پالتو جانوروں کی چوری اور اسمگلنگ سے متعلق شکایات کے بعد پولیس نے کئی روزہ آپریشن کیا، جس کے دوران ایک منظم نیٹ ورک کا سراغ لگایا گیا۔
کارروائی میں 45 پنجرے برآمد ہوئے جن میں 400 زندہ بلیاں موجود تھیں، جبکہ برف سے بھرے چار کنٹینرز سے 80 مردہ بلیاں بھی ملی ہیں۔ ایک اور مقام سے مزید 21 زندہ بلیاں بھی برآمد کی گئیں۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد نے گزشتہ تین برس سے جنوبی ویتنام کے مختلف علاقوں سے بلیاں چوری کر کے انہیں جمع کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
جانوروں کے فلاحی ادارے کے مطابق متعدد بلیاں خراب حالات کے باعث ہلاک ہو چکی ہیں، تاہم 40 سے زائد بلیاں ان کے مالکان کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ مقامی فلاحی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہر ماہ ہزاروں بلیاں اسمگل کر کے مختلف مقاصد کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ ویتنام میں بعض علاقوں میں کتے اور بلی کے گوشت کی تجارت قانونی اجازت کے ساتھ کی جاتی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں کئی شہروں میں اس عمل کی حوصلہ شکنی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






