ایم ڈی کیٹ 2026 کے شیڈول کا اعلان

کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ 2026 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

اعلان کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد 16 اگست کو صبح 10 بجے ہوگا، جبکہ رجسٹریشن کا آغاز 22 جون سے کیا جائے گا۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 8 جولائی مقرر کی گئی ہے، جبکہ لیٹ رجسٹریشن 13 جولائی تک اضافی فیس کے ساتھ ممکن ہوگی۔

امتحان کی فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیٹ فیس 13 ہزار روپے ہوگی جو ناقابل واپسی ہوگی۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں 180 کثیر الانتخابی سوالات شامل ہوں گے اور نیگیٹو مارکنگ نہیں ہوگی۔ بائیولوجی سے 81، کیمسٹری سے 45، فزکس سے 36 جبکہ انگلش اور لاجیکل ریزننگ سے 9، 9 سوالات شامل ہوں گے۔

امتحانی مراکز لاہور، کراچی، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ سمیت مختلف شہروں میں قائم کیے جائیں گے، جبکہ امیدوار صرف اپنے صوبے یا ڈومیسائل کے مطابق مرکز کا انتخاب کر سکیں گے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے شہر ریاض میں بھی ایم ڈی کیٹ 2026 کا بین الاقوامی امتحانی مرکز قائم کیا گیا ہے، اور ایم بی بی ایس و بی ڈی ایس داخلے اسی امتحان کے نتائج کی بنیاد پر ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close