قومی اسمبلی نے عالمی امن کے فروغ اور پاکستان کے مصالحانہ کردار پر اظہارِ تشکر کی متفقہ قرارداد منظور کر لی جسے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی عالمی امن کے لیے کاوشوں اور قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں پاکستان کی سفارتی کوششوں میں تعاون کرنے والے دوست ممالک چین، سعودی عرب، ایران، امریکہ، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر ممالک کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
قرارداد میں اس امر کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان نے عالمی امن، مذاکرات اور سفارتی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر یہ ایوان اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہے۔
قبل ازیں قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، اللہ نے پاکستان کو عزت سے نوازا، پوری دنیا میں پاکستان کا نام گونج رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم مبارکباد کی حقدار ہے، اگر اس ایوان میں اس حوالے سے متفقہ قرارداد منظور کی جائے تو پوری دنیا کو پاکستان کے اتحاد، یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کا مثبت پیغام جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے اپنے کرم سے پاکستان کو عزت عطا کی، صدیاں گزر جاتی ہیں مگر قوموں کو ایسی عزت نہیں ملتی جو ہمیں ملی، اگر پوری زندگی بھی اس مالک حقیقی کے حضور سجدہ ریز ہو کر شکر ادا کرتے رہیں تو اس نعمت کا حق ادا نہیں کر سکتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






