پاسپورٹ دفاتر کے چکروں سے نجات، اب سب کچھ موبائل پر!

اسلام آباد: پاسپورٹ موبائل ایپ کی ڈیولپمنٹ پر کام تیز کردیا گیا ہے جس کے بعد آن لائن تجدید کی سہولت جلد متوقع ہے۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پاسپورٹ سروسز کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں نادرا حکام نے بھی شرکت کی، جس میں ملک بھر کے نادرا مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز کے قیام پر غور کیا گیا۔

ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ پاسپورٹ موبائل ایپ کی ڈیولپمنٹ پر کام تیز کردیا گیا ہے جس کے بعد آن لائن تجدید کی سہولت جلد متوقع ہے۔ موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ کی تجدید اور درخواستوں کی آن لائن پراسیسنگ ہوگی۔

علاوہ ازیں شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ کی فراہمی کے لیے ہوم ڈیلیوری سروس میں توسیع کا بھی جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاسپورٹ سروسز میں شفافیت اور سہولت کے نئے دور کا آغاز ہوگا، جبکہ نادرا مراکز میں پاسپورٹ کاؤنٹرز کے قیام سے عوام کو ایک ہی جگہ سہولیات ملیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close