آزاد کشمیر میں جمعہ کی عدالتی تعطیل ختم، ہفتہ کو بھی عدالتیں کھلی رہیں گی

جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کا اہم اجلاس گزشتہ روز میرپور میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی و چیف جسٹس سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیرجسٹس راجہ سعید اکرم خان نے کی۔

اجلاس میں ممبران کمیٹی جسٹس رضا علی خان سینئر جج سپریم کورٹ آزاد جموں و کشمیر، چیف جسٹس ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر جسٹس سردار لیاقت حسین، جبکہ جسٹس سید شاہد بہارممبر کمیٹی نے بذریعہ ٹیلی فون شرکت کی۔اجلاس میں عدالتی امور اور انتظامی معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سابقہ کفایت شعاری (Austerity Measures) کے تحت جمعہ کے روز معطل کی گئی عدالتی کارروائی کو فوری طور پر پہلے کی طرح بحال کر دیا گیاہے ۔اس کے ساتھ ساتھ ماتحت عدالتوں میں ہفتہ کی تعطیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے، جس کے بعد عدالتوں کی معمول کی کارروائی سابقہ نظام کے مطابق جاری رہے گی۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عوام کو بروقت اور مؤثر انصاف کی فراہمی کے لیے عدالتی نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close