اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں، ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال پہلے سے جاری موسمی تجزیے اور پیشگوئی کے مطابق ہے، جس پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ این ڈی ایم اے وفاقی، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو صورتحال سے باقاعدگی سے آگاہ کر رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی حالت سے بروقت نمٹا جا سکے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع، جن میں راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور ملتان شامل ہیں، بارشوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، بشمول اسکردو، ہنزہ، غذر، دیامر، نیلم ویلی اور مظفرآباد میں بھی بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 13 سے 15 جون کے دوران شمالی علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ ہنزہ، نگر، غذر، اسکردو، دیامر، اپر و لوئر چترال، سوات، کالام اور بحرین کے علاقوں کو خاص طور پر حساس قرار دیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق بارشوں اور برف پگھلنے کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ قراقرم ہائی وے، سکردو روڈ اور دیوسائی روڈ سمیت دیگر رابطہ سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو سکتی ہیں۔
این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، جبکہ عوام کو بروقت معلومات اور حفاظتی رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






