مظفر آباد احتجاج کی آڑ میں پاکستان مخالف بیانیہ پھیلانے کی کوشش ناکام ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد کو نقصان پہنچانے کی مبینہ سازش بے نقاب ہونے کا بھی کہا گیا ہے۔
حریت کانفرنس کی قیادت نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور چند شرپسند عناصر آزاد کشمیر میں انتشار پیدا کرکے دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حریت رہنماؤں کے مطابق پاکستان مخالف نعرے کشمیری عوام کی نمائندگی نہیں کرتے اور آئینی و قانونی نوعیت کے معاملات کا حل سڑکوں کے بجائے متعلقہ فورمز پر تلاش کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چند عناصر کی سرگرمیوں سے کشمیر کاز متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے، جبکہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا کشمیری عوام کے اجتماعی مؤقف کے منافی ہے۔
حریت قیادت کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموش رہنے والے عناصر آج پاکستان مخالف مہم چلا رہے ہیں، جبکہ کشمیری عوام پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا ہے اور پاکستان و کشمیر کا رشتہ مضبوط اور ناقابلِ تسخیر ہے۔
حریت رہنماؤں نے مزید کہا کہ دشمن قوتیں آزاد کشمیر میں بے چینی پیدا کرکے کشمیر کاز کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، تاہم تمام حریت پسند جماعتیں پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔
انہوں نے پاکستان مخالف عناصر سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مہمات دراصل بھارتی بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہیں، جبکہ کشمیری عوام پاکستان کی حمایت اور سفارتی کوششوں پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






