الہ آباد: بھارت میں ایک خاتون یوٹیوبر کو اپنے وی لاگ میں سونے کے زیورات کی نمائش مہنگی پڑ گئی، ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے اگلے ہی روز چور گھر میں گھس آئے اور لاکھوں روپے مالیت کے زیورات سمیت قیمتی سامان لے گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے شیوپوری سے تعلق رکھنے والی یوٹیوبر رچنا گجر، جن کے سوشل میڈیا پر تقریباً ایک لاکھ فالوورز ہیں، نے حال ہی میں ایک وی لاگ میں اپنے گھر کے مختلف حصے دکھائے۔ ویڈیو میں انہوں نے سونے کے زیورات پہن رکھے تھے جبکہ کچھ زیورات سامنے بھی رکھے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق رات تقریباً دو بجے نامعلوم افراد رچنا گجر کے گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو ایک کمرے میں بند کیا اور گھر کی تلاشی لے کر وہی زیورات اور دیگر قیمتی اشیا لے گئے جن کا ذکر وی لاگ میں کیا گیا تھا۔
متاثرہ خاتون کے مطابق ملزمان تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، دیگر قیمتی سامان اور حتیٰ کہ انرجی ڈرنکس کا ایک کارٹن بھی ساتھ لے گئے۔
رچنا گجر کا کہنا ہے کہ گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب تھے، تاہم ملزمان نے چہرے ڈھانپ رکھے تھے اور لاٹھیوں کی مدد سے کیمروں کا رخ تبدیل کر دیا، جس کے باعث ان کی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ایڈیشنل ایس پی سنجیو میول کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور ملزمان کی شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






