سیاسی افہام و تفہیم کا فارمولا کیا ہے؟ بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کو اہم ٹاسک دے دیا

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت زرداری ہاؤس میں آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی چیئرپرسن اور آزاد کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے سیاسی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، افہام و تفہیم اور جمہوری عمل کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے تمام معاملات کو سیاسی مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر میں موجود صورتحال کا حل سیاسی سطح پر اور قانون ساز اسمبلی کے فورم کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

اجلاس میں تشدد، محاذ آرائی اور کشیدگی سے گریز کرتے ہوئے جمہوری اور سیاسی عمل کے تسلسل کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یٰسین، پارلیمانی لیڈر اور سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، میاں عبدالوحید، سردار جاوید ایوب، پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری محمد ریاض سمیت ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close