مظفرآباد، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاجی کال پر دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست کے نام پر انتشار، جبر اور افراتفری پھیلانے والوں سے اب مزید کوئی بحث نہیں ہوگی۔
اپنے بیان میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ انتشار پھیلانے والے عناصر کو اصل تکلیف کس بات کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ مخصوص سیاسی جتھے اور سوشل میڈیا ٹرولز آزاد کشمیر میں بدامنی اور افراتفری پھیلانے پر تلے ہوئے ہیں، جبکہ جلاؤ گھیراؤ اور ہنگامہ آرائی کرنے والے عناصر طالبان خارجیوں کے حامی ہیں۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ وہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ماضی میں ہونے والے مذاکرات کے گواہ ہیں اور حکومت نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم ایک غیر سیاسی گروپ نے تمام تر کوششوں کے باوجود مذاکرات کی میز پر آنے سے انکار کیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت شہریوں کے پرامن احتجاج کے آئینی اور جمہوری حق کا احترام کرتی ہے، لیکن کسی کو بھی ریاست، عوام یا اداروں کو بلیک میل کرنے یا یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر عوامی حقوق اور مراعات کی فراہمی میں ملک کے چاروں صوبوں سے آگے ہے۔
ان کے بقول بجلی اور آٹے کی کم قیمتیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں، جبکہ تعلیم اور روزگار کے مواقع کے حوالے سے بھی آزاد کشمیر پر اللہ کا خاص کرم ہے۔ انہوں نے عوام سے امن، استحکام اور ترقی کے سفر میں حکومت کا ساتھ دینے کی اپیل کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






