لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن انچیف ایس ایم تنویر نے حکومت کی جانب سے دکانداروں کے لیے متعارف کرائی گئی فکسڈ ٹیکس اسکیم کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملک میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی کو اس اسکیم کے اجراء پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ پالیسی تاجر برادری اور مختلف کاروباری تنظیموں سے مشاورت کے بعد تیار کی گئی ہے، جس سے اس کی افادیت میں اضافہ ہوگا۔
ایس ایم تنویر کے مطابق نئی اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپے یا اس سے کم سالانہ ٹرن اوور رکھنے والے دکاندار صرف ایک فیصد فکسڈ انکم ٹیکس ادا کریں گے، جس سے ٹیکس نظام آسان اور قابلِ فہم بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو ود ہولڈنگ ٹیکس کی ایڈجسٹمنٹ اور کٹوتی کی سہولت دینا بھی ایک مثبت فیصلہ ہے، جس سے کاروباری طبقے کا اعتماد بڑھے گا اور رضاکارانہ طور پر ٹیکس ادائیگی کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
ایس ایم تنویر نے آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ کو بھی کامیاب مذاکرات پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اسکیم سے تاجروں اور حکومت کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوگا اور معیشت کو دستاویزی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






