لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکول 24 اگست تک بند رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے قبل کسی بھی تعلیمی ادارے میں معمول کی کلاسز شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ کوئی بھی سرکاری یا نجی اسکول 24 اگست سے پہلے معمول کی تدریسی سرگرمیاں شروع نہیں کرسکتا۔ اسکول انتظامیہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے اور طلبہ کو گرمیوں کی چھٹیوں کا مکمل دورانیہ فراہم کرے۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق پنجاب حکومت نے تعطیلات کے دوران ایک ماہ ریمیڈیل لرننگ کیمپس کے لیے مختص کیا تھا، جس کا مقصد طلبہ کے تعلیمی نقصان کا ازالہ، بنیادی تعلیمی صلاحیتوں میں بہتری اور نئے تعلیمی سیشن سے قبل ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا تھا۔
رانا سکندر حیات نے اسکول مالکان اور انتظامیہ کو حکومتی پالیسی پر مکمل تعاون کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ 24 اگست سے قبل تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت نے والدین اور طلبہ کو بھی ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کے دوبارہ کھلنے سے متعلق معلومات کے لیے صرف پنجاب حکومت کے جاری کردہ سرکاری شیڈول پر اعتماد کریں۔






