لاہور: سرکاری نرخنامے کو نظرانداز کرتے ہوئے شہر میں برائلر مرغی کا گوشت مہنگے داموں فروخت ہونے لگا، جبکہ مٹن، بیف اور فارمی انڈوں کی قیمتیں بھی مقررہ سرکاری نرخ سے تجاوز کرگئیں۔
لاہور میں برائلر مرغی کے گوشت کا سرکاری نرخ 454 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں گوشت 470 سے 475 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
اسی طرح مٹن کا سرکاری نرخ 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ بیف 800 روپے کے سرکاری نرخ کے بجائے 1000 سے 1200 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
فارمی انڈوں کا سرکاری نرخ 268 روپے فی درجن مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں صارفین سے 275 سے 278 روپے فی درجن وصول کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث مرغی کا گوشت بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مرغی کے گوشت، مٹن، بیف اور انڈوں کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔






