نادرا نے شہریوں کو خبردار کردیا

اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز اور گمراہ کن معلومات سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں کو اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کی ہدایت کردی۔

نادرا ترجمان کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا پر کمنٹس کے ذریعے ٹریکنگ آئی ڈی فراہم نہیں کی جائے گی، اس لیے صارفین نادرا کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کمنٹس میں اپنی ٹریکنگ آئی ڈی ہرگز شیئر نہ کریں۔

نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی معاملے میں صرف ادارے کے سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے رجوع کیا جائے۔

ترجمان کے مطابق ٹریکنگ آئی ڈی کیسز سے متعلق معلومات کے لیے شہری 8400 پر ایس ایم ایس، نادرا ہیلپ لائن 051-111-786-100 یا موبائل فون سے 1777 پر رابطہ کرسکتے ہیں، جبکہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

نادرا نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ اپنی شناخت اور ذاتی معلومات محفوظ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر موجود غیرمصدقہ لنکس، اکاؤنٹس اور پیغامات پر اعتماد نہ کریں۔