امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر میمفس میں ایک ٹی وی اینکر لائیو نشریات کے دوران چند سیکنڈ کے لیے سو گئیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ڈومینک ڈیلن فاکس 13 کے مارننگ شو ’گڈ مارننگ میمفس‘ کی میزبان ہیں۔ 29 جولائی کو براہِ راست پروگرام کے دوران وہ کیمرے کے سامنے بیٹھی تھیں کہ اچانک چند لمحوں کے لیے ان کی آنکھیں بند ہوگئیں۔
ڈومینک نے بعد میں بتایا کہ انہیں احساس ہی نہیں ہوا کہ وہ لائیو پروگرام کے دوران سو گئی تھیں۔ آنکھیں کھولنے پر انہیں معلوم ہوا کہ کیمرہ بھی دوسرے شاٹ پر جا چکا تھا، جس پر وہ انتہائی شرمندہ ہوئیں اور انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ کسی ڈراؤنے خواب سے گزری ہوں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اسٹوڈیو میں موجود پروڈیوسرز بھی ابتدا میں یہ محسوس نہ کرسکے کہ اینکر سو گئی ہیں۔ انہیں لگا کہ ڈومینک اپنے ٹیبلٹ کی جانب دیکھ رہی ہیں۔
واقعے کی وجہ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ڈومینک کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے ان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ڈومینک دو کم عمر بچیوں کی ماں ہیں، جن میں بڑی بیٹی دو سال جبکہ چھوٹی بیٹی صرف آٹھ ماہ کی ہے۔
اینکر کے مطابق واقعے سے ایک رات قبل ان کے شوہر ڈبل شفٹ پر تھے، اس لیے بچوں کی دیکھ بھال کی تمام ذمہ داری ان پر تھی۔ آٹھ ماہ کی بیٹی دانت نکلنے کی تکلیف کے باعث کئی گھنٹوں تک نہیں سو سکی اور رات ساڑھے 10 سے 11 بجے کے درمیان جاکر سوئی۔
ڈومینک نے بتایا کہ وہ عام طور پر صبح سویرے شروع ہونے والی ڈیوٹی کی تیاری کے لیے رات ڈیڑھ بجے اٹھتی ہیں، جس کے باعث انہیں اس رات صرف چند گھنٹوں کی نیند مل سکی۔
فاکس 13 نے بھی اپنی اینکر کا دفاع کرتے ہوئے اس واقعے کو ’پاور نیپ‘ قرار دیا اور کہا کہ ڈومینک کی کہانی ان مشکلات کی عکاسی کرتی ہے جن کا سامنا نئی ماؤں کو ملازمت اور بچوں کی پرورش کے درمیان توازن قائم کرتے ہوئے کرنا پڑتا ہے۔
یوں لائیو نشریات کے دوران چند سیکنڈ کی یہ مختصر نیند سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، تاہم بیشتر صارفین نے اسے ایک تھکی ہوئی ورکنگ مدر کی مجبوری قرار دیتے ہوئے ڈومینک کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔






