لاہور: انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے آئی فون صارفین کے لیے پیرنٹل کنٹرولز کا الگ سیکشن متعارف کرانا شروع کردیا ہے، جس سے والدین کے لیے بچوں کے اکاؤنٹس کی نگرانی اور مختلف پابندیاں عائد کرنا مزید آسان ہوجائے گا۔
واٹس ایپ کے پیرنٹ مینجمینٹ اکاؤنٹس کے ذریعے والدین یا سرپرست یہ طے کرسکیں گے کہ بچے سے کون رابطہ کرسکتا ہے اور وہ کن گروپس میں شامل ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ چینلز اور اسٹیٹس سمیت بعض دیگر فیچرز تک رسائی بھی محدود کی جاسکے گی۔
نئے نظام کے تحت والدین کو اکاؤنٹ کی بعض سرگرمیوں سے متعلق معلومات بھی دستیاب ہوں گی، جن میں نئے رابطوں کا اضافہ، بلاک کیے گئے صارفین اور پروفائل میں ہونے والی تبدیلیاں شامل ہیں۔
یہ سہولت اس سے قبل اینڈرائیڈ صارفین کے لیے الگ ’پیرنٹل کنٹرولز‘ سیکشن کے ذریعے دستیاب تھی، جبکہ اب یہی فیچر آئی او ایس پر بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ سہولت ان صارفین کے لیے ہے جو اپنے ملک یا خطے میں ایپ استعمال کرنے کی مقررہ کم از کم عمر سے کم ہوں۔ بعض صورتوں میں ایپل بچے کی عمر سے متعلق معلومات براہِ راست بھی شیئر کرسکتا ہے۔
نئے پیرنٹل کنٹرولز کا مقصد بچوں کو واٹس ایپ کے استعمال کے دوران زیادہ محفوظ ماحول فراہم کرنا اور والدین کو ان کے اکاؤنٹس کے حوالے سے زیادہ کنٹرول دینا ہے۔






