ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ ، مزید مہنگا ہو گیا

ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے، جہاں ایک ہفتے کے دوران متعدد شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ بعض شہروں میں آٹے کا تھیلا 100 روپے تک مہنگا ہوگیا۔ کراچی اور لاڑکانہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہوا، جہاں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے بڑھنے کے بعد بالترتیب 3 ہزار اور 2 ہزار 600 روپے تک پہنچ گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں آٹا بدستور ملک کا مہنگا ترین ہے، جہاں 20 کلو تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 3 ہزار 133 روپے ریکارڈ کی گئی۔ پشاور میں 3 ہزار 100 روپے اور راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے فی تھیلا قیمت سامنے آئی۔ بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 960 روپے، بنوں میں 2 ہزار 950 روپے، جبکہ حیدرآباد، ملتان، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ میں 2 ہزار 800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ سرگودھا میں قیمت 2 ہزار 793 روپے اور کوئٹہ میں 2 ہزار 750 روپے ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق سکھر میں ایک ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 60 روپے جبکہ بنوں میں 50 روپے اضافہ ہوا۔ دوسری جانب لاہور اور فیصل آباد میں آٹے کی قیمت دیگر بڑے شہروں کے مقابلے میں کم رہی، جہاں 20 کلو آٹے کا تھیلا بالترتیب 2 ہزار 300 اور 2 ہزار 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ مختلف شہروں میں قیمتوں کے فرق کی بڑی وجوہات مقامی طلب، رسد اور ترسیلی اخراجات بتائی گئی ہیں۔