مریضوں کی زندگیوں سے کھلواڑ! سب سے زیادہ بکنے والی دوا کو جعلی قرار

اسلام آباد: محکمہ صحت نے اینٹی بائیوٹک دوا ایزومیکس 500 ملی گرام کے ایک بیچ کو جعلی قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے تجزیے میں ایزومیکس 500 ملی گرام کا مذکورہ بیچ جعلی پایا گیا، جس کے بعد متعلقہ حکام نے فوری کارروائی شروع کر دی۔

محکمہ صحت نے دوا ساز کمپنی کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مارکیٹ میں موجود مذکورہ بیچ کا تمام اسٹاک فوری طور پر واپس حاصل کرے تاکہ عوام کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس کے علاوہ ملک بھر کے فیلڈ ڈرگ انسپکٹرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ جعلی بیچ کی فروخت روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور مارکیٹوں، فارمیسیوں اور میڈیکل اسٹورز کی نگرانی سخت بنائی جائے۔

محکمہ صحت نے عوام اور طبی شعبے سے وابستہ افراد کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے اور مشتبہ ادویات کی فروخت یا موجودگی کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کا کہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close