وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے جامع مسجد الشہداء کہوٹہ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی

حویلی کہوٹہ: وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے جامع مسجد الشہداء کہوٹہ میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔

نماز عید کے بعد وزیراعظم شہریوں میں گھل مل گئے اور عوام سے عید کی مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر وطن عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں غریب اور مستحق افراد کو ضرور شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ قربانی، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے سرحدوں پر وطن کے دفاع پر مامور پاک افواج کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔

فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور تعلیم، صحت سمیت ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامتی، استحکام اور ترقی عطا فرمائے۔

بعد ازاں وزیراعظم آزاد کشمیر نے شہریوں، عمائدین علاقہ اور سیاسی کارکنان سے ملاقاتیں بھی کیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close