مظفرآباد عید گاہ حکومت سے مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا بڑا مطالبہ

مظفرآباد: دارالحکومت مظفرآباد کی مرکزی عیدگاہ میں مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے زیر اہتمام عیدالاضحیٰ کا عظیم الشان اور فقید المثال اجتماع منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری، وکلا، عوامی حلقوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع میں ریاست، ملت اسلامیہ اور عالم اسلام کو درپیش مسائل سے متعلق اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خطیبِ شہر قاضی ضیاء الرحمان نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ایثار، قربانی، صبر اور امت کے اتحاد کا درس دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو اس وقت اندرونی انتشار، فکری خلفشار اور بیرونی سازشوں کا سامنا ہے، جن سے نکلنے کے لیے قرآن و سنت کی تعلیمات کو مضبوطی سے تھامنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پوری انسانیت کے ضمیر کے لیے لمحۂ فکریہ ہیں۔ قاضی ضیاء الرحمان نے عوام پر زور دیا کہ وہ اتحاد، باہمی رواداری اور دینی اقدار کے تحفظ کو اپنی ترجیحات کا حصہ بنائیں۔

اس موقع پر میئر مظفرآباد و سابق وزیر حکومت خواجہ فاروق احمد اور دیگر معززینِ شہر نے قاضی ضیاء الرحمان کی دستاربندی بھی کی۔

مرکزی سیرت کمیٹی مظفرآباد کے صدر عتیق احمد رضا نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید کا حقیقی پیغام صرف خوشیاں منانا نہیں بلکہ امت کے اجتماعی مسائل کا احساس، مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور معاشرتی اصلاح کی کوشش کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظفرآباد میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگ دینی اقدار، ملی وحدت اور قومی معاملات پر یکسو مؤقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل، مہنگائی کے خاتمے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور مذہبی و فلاحی منصوبہ جات کی تکمیل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اجتماع میں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل، مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں جاری مظالم کے خاتمے، دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی، مقدس اسلامی مقامات کی بحالی، ایران کے خلاف جنگی دھمکیوں کی مذمت، مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خاتمے، مدارس اور آئمہ کرام کی معاونت میں اضافے، عارضی و کنٹریکٹ ملازمین کے مسائل کے حل، جامع مسجد خادم الحرمین الشریفین منصوبے کی فوری تکمیل اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ و شہری ترقیاتی منصوبوں پر جلد عملدرآمد سے متعلق متفقہ قراردادیں منظور کی گئیں۔

اجتماع کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، استحکام پاکستان، آزادی کشمیر، اتحاد امت مسلمہ اور عالم اسلام میں امن و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close