سلنڈر اچانک خالی ہوجاتا ہے؟ گیس چیک کرنے کے آسان گھریلو طریقے جان لیں

ملک میں گیس کی قلت اور لوڈشیڈنگ کے باعث ایل پی جی سلنڈر اب گھریلو ضرورت بن چکا ہے، مگر کچن میں سب سے بڑی مشکل اُس وقت پیش آتی ہے جب کھانا پکاتے ہوئے اچانک چولہا بند ہو جائے اور معلوم ہو کہ گیس ختم ہو چکی ہے۔ ایسے میں نہ صرف کام رک جاتا ہے بلکہ روزمرہ کے معمولات بھی متاثر ہوتے ہیں۔

 

ماہرین کے مطابق اگر پہلے ہی یہ اندازہ ہو جائے کہ سلنڈر میں کتنی گیس باقی ہے تو اس پریشانی سے بچا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے چند آسان گھریلو طریقے اپنائے جا سکتے ہیں جو بغیر کسی خاص آلے کے آپ کو گیس کی مقدار کا اندازہ دے سکتے ہیں۔

ان میں سب سے سادہ طریقہ گیلے کپڑے کا ہے۔ ایک کپڑا پانی میں بھگو کر سلنڈر پر لپیٹ دیں یا اس پر پھیر دیں، پھر چند منٹ بعد دیکھیں۔ جہاں گیس موجود ہوگی وہ حصہ ٹھنڈا رہنے کے باعث دیر تک گیلا رہے گا، جبکہ خالی حصہ جلد خشک ہو جائے گا۔ اسی طرح اگر چاک سے سلنڈر پر لکیر کھینچی جائے تو کچھ دیر بعد واضح ہو جاتا ہے کہ کہاں تک گیس موجود ہے۔

ایک اور طریقہ آواز کے ذریعے پہچاننا ہے۔ اگر آپ دھات کے چمچ یا سکے سے سلنڈر پر ہلکی ضرب لگائیں تو بھاری اور مدھم آواز گیس کی موجودگی ظاہر کرتی ہے، جبکہ کھوکھلی آواز اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ سلنڈر خالی ہونے کے قریب ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close