اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، قونصلر جنرل فہد امجد

برمنگھم:
قونصلر جنرل آف پاکستان برمنگھم فہد امجد نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کے حل، فلاح و بہبود اور پاکستان کے وقار و سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے برمنگھم میں صحافیوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ فہد امجد کا کہنا تھا کہ “بنیان مرصوص” کے بعد دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اور افواجِ پاکستان و سیاسی قیادت کے مؤثر فیصلوں نے بیرونِ ملک پاکستانیوں کے وقار میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام میں بھی ان کی خدمات انتہائی اہم ہیں۔ ان کے مثبت کردار اور تعاون سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

قونصلر جنرل نے کہا کہ پاکستان قونصلیٹ برمنگھم اوورسیز کمیونٹی کو بہترین سہولیات فراہم کرنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اوورسیز میڈیا کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ صحافی بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

ملاقات کے دوران وفد کے ارکان نے قونصلر سہولیات، کمیونٹی مسائل اور باہمی روابط کے فروغ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں جبکہ قونصلر جنرل فہد امجد کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔

صحافیوں کے وفد میں رب نواز چغتائی، ابرار مغل، اینکر واجد بشیر ملہوترہ اور راجہ خاور بشیر شامل تھے، جبکہ وائس قونصلر جنرل محترمہ بختاور میر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور میڈیا و کمیونٹی کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close