تہران:
ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ایرانی قیادت کو قومی اتحاد، معاشی چیلنجز کے حل اور ملک کے استحکام پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادت کی دوسری برسی کے موقع پر جاری اپنے تحریری پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی کو عوامی خدمت، استقامت اور مزاحمتی سیاست کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل جیسی “دو عالمی دہشت گرد قوتوں” کے خلاف تنہا تاریخی مزاحمت کر رہا ہے، اس لیے موجودہ حالات میں ریاستی اداروں، حکام اور عوام پر پہلے سے کہیں زیادہ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی قوم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑنے کا عزم رکھتی ہے اور دنیا میں دہشت گردی پھیلانے والے ممالک کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قومی یکجہتی اور مضبوط داخلی استحکام ہی ایران کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے میں مدد دے سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






