غزہ : حماس کے سینئر عہدیدار باسم نعیم نے تصدیق کی ہے کہ غزہ سٹی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے عزام الحیہ شہید ہوگئے ، یہ خلیل الحیہ کے چوتھے بیٹے تھے جو اسرائیلی حملوں میں جان سے گئے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں عزام الحیہ شہید ہوگئے، جبکہ فلسطینی اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ سمیت 5 فلسطینی شہید اور 17 زخمی ہوئے۔دوسری جانب حماس نے خلیل الحیہ کے صاحبزادے کی شہادت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل دہشتگردی اور قتل و غارت کے ذریعے سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ترجمان حماس کے مطابق اسرائیل مزاحمت کے ارادوں اور سیاسی موقف پر اثرانداز ہونے کی ناکام کوشش کررہا ہے تاہم میدانِ جنگ ہو یا مذاکرات کی میز، حماس اپنے مقف پر چٹان کی طرح قائم ہے۔حماس نے کہا کہ قیادت کے بیٹوں کی قربانیاں تحریکِ آزادی کو مزید جلا بخشیں گی۔خلیل الحیہ حماس کی جلاوطن قیادت میں اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں، وہ متعدد بار اسرائیلی حملوں اور مبینہ قاتلانہ کوششوں کا نشانہ بن چکے ہیں تاہم ہر بار محفوظ رہے۔گزشتہ سال قطر کے دارالحکومت دوحا میں حماس قیادت کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے ایک حملے میں بھی ان کے ایک بیٹے کی شہادت ہوئی تھی جبکہ خلیل الحیہ اس حملے میں بچ گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






