عمران خان اور بشریٰ بی بی کو آخری موقع مل گیا

اسلام آباد:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پائونڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرلی۔ چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے ریمارکس دیئے ، “ہم عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو آخری موقع دے رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے ایک سو نوے ملین پائونڈ کیس میں سزا ختم کرنے کی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی سماعت کی۔ عدالتِ عالیہ نے طویل انتظار کے بعد حال ہی میں 190 ملین پائونڈ کیس پر احتساب عدالت کے عمران خان کو 14 سال قید اور بشری بی بی کو سات سال قید کی سزائوں کے فیصلہ کے خلاف ان کی اپیلوں کی سماعت شروع کی ہے۔ اب سماعت شروع ہوئی تو عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیلوں نے اپنے دلائل پیش کرنے کے لئے دوبارہ وقت مہلت مانگ لی۔ سماعت میں نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے وکیل بیرسٹرسلمان صفدرعدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت کی ہدایت پر کیس ملتوی کرنے کی متفرق درخواست پڑھی گئی، جس کی مخالف کرتے ہوئے نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ بار بار ملاقاتیں کرنے کی بات کی جاتی ہے۔ ملاقات میں کیا بات ہوئی یہ بھی میڈیا میں آنا چاہیے ، جس پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کیس یہاں چلانا ہے یا میڈیا میں چلانا ہے،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ چلیں اس بہانے شعیب شاہین کی آوازبھی سنی ہے۔ عدالت نے اپیلوں پر دلائل پیش کرنے کے لیے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیلوں کو آخری مرتبہ مہلت دیتے ہوئے سماعت 20 مئی تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس سرفرازڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ ہم کیس کی حساسیت مدنظررکھتے ہوئے التوا کی درخواست کو منظورکر رہے ہیں۔ امید ہے آئندہ سماعت پر کیس کی کارروائی آگے بڑھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close