کھڑی کے عوام کیلئے بڑی خوشخبری… وزیراعظم کا ایسا اعلان جس نے سب کو حیران کر دیا

میرپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ عوام کی پرزور مطالبہ پر کھڑی شریف کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کرتا ہوں جاتلاں چوکی کو اپگریڈ کرنے، گرلز ڈگری کالج کی اپ گریڈیشن اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کو آئندہ بجٹ میں لانے کا اعلان کرتاہوں ، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایجوکیشن اور ہیلتھ پیکجز دے کر مفاد عامہ کو تحفظ فراہم کیا ہے ،مسلم لیگ (ن) کی قیادت صرف وزیر اعظم کے قلمدان کے لیے ایک دوسرے سے الجھ رہی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی جدوجہد میں مصروف عمل ہے، حکومت نے مختصر عرصے میں تعمیر و ترقی کے بڑے پروجیکٹس پر کام شروع کردیا ہے ، ریاست بھر میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے میرپور کے علاقے کھڑی میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے ہمراہ وزرائے حکومت چوہدری یاسر سلطان ، چوہدری ارشد حسین ، چوہدری اخلاق ، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب ، ڈی جی پولیٹیکل آفئیرز عامر ذیشان جرال ، معاون خصوصی برائے وزیر اعظم سید اعزادار شاہ ، چوہدری صہیب سمیت سیاسی شخصیات عوام ، سول سوسائٹی ، پی ایس ایف ، پی وائی او اور دیگر موجود تھے ، قبل ازیں وزیراعظم آزاادکشمیر کا کھڑی پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا ، جلسہ گاہ پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے پر گل پاشی کی گئی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کو زبردست نعرے بازی میں پنڈال لایا گیا ، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ کھڑی سے عوام چوہدری صہیب کو کامیاب بنا کر اسمبلی پہنچائیں گے ، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت 2026 کے انتخابات کے بعد نمایاں طور پر سامنے آئے گی، گزشتہ اتحادی حکومت کو وزرا کو قلمدان تفویض کرنے میں سات ماہ لگے، جبکہ موجودہ حکومت نے صرف پانچ ماہ میں ترقی کا پہیہ چلا دیا۔انہوں نے کہا کہ ابھی حکومت نے مکمل طور پر فیلڈ میں کام شروع بھی نہیں کیا کہ مخالفین پریشان ہو گئے ہیں، یہ عمل مخالفین کی ذہنی طور پر قبل از انتخابات شکست تسلیم کرنے کی علامت ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگر مجموعی سطح پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مختلف ادوار کی کارگردگی دیکھی جائے تو پیپلز پارٹی کے ادوار میں میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیوں کا قیام عمل میں آیا ، ترقی کی راہیں کھلیں ، انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کام ہوا ، سڑکات اور تعلیمی اداروں ، صحت اور عوامی سہولت کے منصوبوں کو فوقیت ملی ، موجودہ حکومت نے چھ ماہ کے اندر دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر عوامی مسائل کے حل کی کوشش کی ہے ریاست میں ترقیاتی پروجیکٹس لاُکر نقشہ بدلنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شفاف انتخابات کی حامی ہے ، انشاء اللہ شفاف انتخابات کے ذریعے ایک بار پھر جیت ہمارا مقدر بنے گی اور ہم نظام میں ایک مضبوط سیاسی قوت کے طور پر ابھر کر سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکی ہے ، عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ والد مرحوم اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ تعلق کو ایک سیاسی ورثہ سمجھتا ہوں ، یہ تعلق روشن مستقبل کی سمت کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں حکومت سنبھالنے کے باوجود عوامی خدمت کو ترجیح دی گئی ہے ، ریاست و عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ بحال ہوا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ایک نظریہ اور فکر کا نام ہے، جو ہمیشہ زندہ رہے گی ، انہوں نے اہلیان کھڑی کو کامیاب پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے چوہدری یاسر سلطان اور چوہدری صہیب کو کھڑے اور میرپور سے کامیاب بنانے کےُلیے عوام سے اپیل بھی کی اور کہا کہ انشاء اللہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ آنے والے الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close