وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے سہڑہ پولیس اسٹیشن کا افتتاح کر دیا

عباسپور/ سہڑہ: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر فیصل ممتازراٹھور نے سہڑہ پولیس اسٹیشن کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر آزاد جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے وزیراعظم کو سلامی پیش کی گئی۔ وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک، سردار امجد یوسف، ولید مطلوب انقلابی، سردار آفتاب انجم، سردار عبدالمنان گوہر، عبدالشکور صدیق ودیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیراعظم آزادکشمیر کے اعزاز میں رہنما پیپلزپارٹی سردار امجد یوسف کی جانب سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔

 

 

استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزادکشمیر کی تاریخ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے تمام ادوار کے ساڑھے دس سال نکال دیے جائیں تو کوئی بھی میگا پراجیکٹ نظر نہیں آئیگا۔ ہمیں اپنی افواج پاکستان پر فخر یے، اللہ نے دنیا میں ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا، پاکستان آج دنیا میں ثالث کا کردار ادا کررہا ہے، انشاء اللہ کشمیر کا مسئلہ بھی حل ہوگا۔ سات ماہ کی عوامی حکومت کی حکومت میں ریاست کا ماحول یکسر تبدیل ہو گیا، تعمیر و ترقی کا عمل بحال ہوا۔

 

 

ریاست کی تعمیر و ترقی میں پیپلزپارٹی کے ادوار کے علاوہ کوئی میگا پراجیکٹ نہیں آیا، یونیورسٹیز، میڈیکل کالجز سمیت بڑے منصوبے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارنامے ہیں، موجودہ حکومت بھی ایسے وقت میں لی جب سیاست دم توڑ رہی تھی۔ ان چند ماہ میں عوام کا اعتماد بحال کیا، پیپلزپارٹی مضبوط ہوئی۔ انہوں نےکہا کہ ریاست کے ہر کونے میں لوگوں نے ایسے ماحول میں استقبال کیا جب سیاستدانوں کا باہر نکلنا مشکل ہو گیا تھا۔ یہ حکومت ایک آزمائش اور ذمہ داری تھی، آزادکشمیر میں 33 حلقوں میں اسوقت پاکستان پیپلزپارٹی ایک مضبوط پوزیشن میں ہے، ہم الیکشن جیت کر دوبارہ حکومت بنائیں گے۔

 

انہوں نےکہا کہ عباسپور میں امجد یوسف یہ صلاحیت رکھتے ہیں کہ وہ الیکشن جیتیں یا ہاریں اپنے حلقہ کے لوگوں کے حقوق کی حفاظت کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ اور فیس بک کی سیاست میں فرق ہے، پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو تمام حلقوں میں فیلڈ میں ہے اور ہر حلقہ سے لوگ پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہم نے روڈ میپ تیار کیا جس میں تمام شعبوں کی ترقی کو فوکس کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مینڈری کا بوکڑہ پل کو اے ڈی پی اور آر ایچ سی سہڑہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز حسین راٹھور کی پہلی کامیابی لوئر حویلی کے حلقہ سے ہوئی، اس حلقے سے محبت مجھے ورثے میں ملی ہے، سہڑہ میں پیپلزپارٹی کا وزیراعظم بار بار آئیگا۔

 

وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ پہلی حکومت ہے جو الیکشن کی جانب جارہی ہے اور اسکا قافلہ بڑھتا ہی جارہا ہے۔ تاریخی تعلیمی پیکج پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہے تو اسکی بنیاد پاکستان پیپلزپارٹی کی ہے۔ آزادکشمیر میں آمدہ الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اہلیان سہڑہ نے وزیراعظم کا جو تاریخی استقبال کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 

رہنما پیپلزپارٹی سردار امجد یوسف نے سہڑہ آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پاکستان کی بنیاد رکھی۔ جنرل سید عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے جنہوں نے ہندوستان کا غرور میں خاک میں ملایا اور دنیا میں پاکستان کا وقار بحال کیا۔

 

 

وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی چار ماہ کی حکومت مخالفین کے کئی سالوں کی حکومت سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پانچ دسمبر کو عباسپور میں جلسہ عام جو اعلانات کیے ان پر عملدرآمد کروانے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نےکہا کہ میں نے پاکستان پیپلزپارٹی کے گزشتہ دور حکومت میں پونے تین ارب سے سڑک بنوائی، موجودہ مختصر مدت کی حکومت میں بھی کارکردگی عوام کے سامنے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق درجوق پاکستان پیپلزپارٹی میں شامل ہورہی ہیں۔ گورنمنٹ ہائی سکول سہڑہ کو ہائر سیکنڈری کا درجہ سمیت حلقہ میں دیگر تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 

امیدوار اسمبلی محمد ولید مطلوب انقلابی نے کہا کہ آزادکشمیر میں وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کی سربراہی میں پیپلزپارٹی نے نامساعد حالات میں ذمہ داری سنبھالی اور مختصر عرصہ میں تاریخی اقدامات کیے، یہ حکومت آنیوالی حکومت کا ٹریلر ہے، آنیوالے انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی دوبارہ حکومت بنائے گی۔

 

رہنما پیپلزپارٹی سردار عبدالمنان گوہر نے کہا کہ راجہ ممتاز حسین راٹھور یہاں سے ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اسوقت بھی ہم ان کے ساتھ تھے، راجہ ممتاز حسین راٹھور جیسے لیڈر صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سہڑہ کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کا استقبال کرکے ممتاز حسین راٹھور کی روح کو خوش کیا ہے۔ پروفیسر راجہ محمد نصیر خان نے کہا کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں سیاست کی بہار جو نظر آرہی ہے اس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خون شامل ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے چھ ماہ کے اقتدار میں وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت میں حکومت نے تاریخی اقدامات کیے، یہ مختصر اقتدار آنے والے پانچ سال کی بنیاد فراہم کریگا۔

 

رہنما پیپلزپارٹی خواجہ محمد ادریس نے وزیراعظم فیصل ممتازراٹھور کا تقریب آمد پر شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close