تیل سستا، سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، جانئے تفصیلات

امریکا کی ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے بعد آج دنیا بھر میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ اور تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

 

برطانوی میڈیا رپورٹ کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی میں ممکنہ اضافے اور طویل عرصے تک بلند شرحِ سود کے خدشات کم ہو گئے۔

اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 755 ڈالرز فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ روز یہ 13 اپریل کے بعد اپنی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔

اسی طرح جون کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 1.1 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 772 عشاریہ 90 ڈالرز تک پہنچ گئے۔

دیگر قیمتی دھاتوں میں اسپاٹ چاندی کی قیمت 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 77.84 ڈالرز فی اونس، پلاٹینئم 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 2,067.25 ڈالرز اور پیلیڈیم 1.8 فیصد اضافے کے ساتھ 1,560.31 ڈالرز تک پہنچ گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی کے اختتام سے چند گھنٹے قبل اعلان کیا کہ امریکا ایران کے ساتھ جنگ بندی کو غیر معینہ مدت تک بڑھا رہا ہے تاکہ مزید امن مذاکرات کی گنجائش پیدا کی جا سکے۔

واضح رہے کہ 2 ہفتے قبل شروع ہونے والی جنگ بندی میں حالیہ توسیع سے متعلق ٹرمپ کا یہ اعلان بظاہر یک طرفہ تھا اور فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ایران یا امریکا کے اتحادی اسرائیل بھی اس توسیع پر متفق ہوں گے یا نہیں۔

ماریکس کے تجزیہ کار ایڈورڈ میئر کے مطابق جنگ بندی میں توسیع کے بعد مارکیٹس اس بحران میں کمی محسوس کر رہی ہیں، اگر جنگ بندی ختم ہو کر دوبارہ کشیدگی بڑھتی ہے تو ڈالر مضبوط ہو گا، تیل اور شرحِ سود میں اضافہ ہو گا، جو سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈالے گا۔

انہوں نے بتایا ہے کہ جنگ بندی میں توسیع کے بعد عالمی منڈیوں میں حصص کی قیمتیں بڑھیں، ڈالر کمزور ہوا اور تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔

خام تیل کی بلند قیمتیں نقل و حمل اور پیداواری لاگت میں اضافے کے ذریعے مہنگائی کو بڑھا سکتی ہیں۔

اگرچہ سونا مہنگائی سے بچاؤ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، تاہم بلند شرحِ سود منافع دینے والے اثاثوں کو زیادہ پرکشش بنا دیتی ہے، جس سے سونے کی کشش کم ہو جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close