بھمبر: عوامی مطالبات پر پیشرفت، احتجاج مؤخر کر دیا گیا

بھمبر(پی آئی ڈی) ضلعی انتظامیہ بھمبر اور عوامی ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران کے درمیان بجلی ایشوز، سمارٹ لاک کے خاتمے و دیگر مسائل کے حوالے سے اتوار چھٹی کے روز ایک اہم ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے 20 اپریل کو ہونے والا احتجاج موخر کر دیا۔

اجلاس کی صدارت، ایس ایس پی بھمبر راجہ محمد اکمل خان، ایس ڈی ایم ہیڈکوارٹر محمد سہیل بشیر نے کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ عوامی ریلیف کے لیے باہمی اشتراک سے حکمت عملی پر عمل کیا جائے گا۔ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے مختلف مطالبات پیش کیے جس پر ضلعی انتظامیہ نے خندہ پیشانی سے کہا کہ موجودہ وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور، چیف سیکرٹری، کمشنر میرپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی خصوصی ہدایات پر عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے زعماء نے ضلعی انتظامیہ کے کردار کو سراہا کہ انہوں نے اتوار کی چھٹی کے باوجود بھی 5 گھنٹے سے زائد میٹنگ کا قیمتی وقت دیا اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پائے۔ بھمبر کی سطح پر اے سی بھمبر کی سربراہی میں کمیٹی قائم، برنالہ میں اے سی برنالہ کی سربراہی میں کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ سب ڈویژنل کمیٹیز مرکزی کمیٹی سے کوآرڈنیشن کریں گی۔ کمیٹیز کے واٹس ایپ گروپ بنائیں جائیں گے۔ بجلی گرڈ اسٹیشن کی تحریک کی جائے گی۔ ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا شیڈول دیں۔

اجلاس کے دوران اے سی برنالہ ڈاکٹر محمد راشد خان، افسر مال قیصر محمود شمس، ایکسئین ارسلان انجم، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عدنان مختار، راہنما ایکشن کمیٹی خالد پرویز بٹ، انیس کشمیری، چوہدری محمد علی اختر، توصیف جرال، راجہ وقار اشرف، آصف چوہان، ایس ایچ او چوہدری ارشد محمود، ایس ڈی او محمد حسیب، ایس ڈی او عاطف عبدالشکور، ایس ڈی او عامر فیروز و ایکشن کمیٹی نمائندگان و دیگر نے شرکت کی۔

عوامی ایکشن کمیٹی نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ، کم وولٹیج کا خاتمہ، بنیادی ضروریات بجلی، پانی، آٹا ترسیل اور روڈز کے حوالہ سے بات کی۔ شرکاء نے کہا کہ آزادکشمیر کی صرف 400 میگاواٹ ڈیمانڈ ہے وہ پوری کریں، ملازمین کی کمی کو پورا کریں۔ بھمبر ضلع میں بجلی لوڈ شیڈنگ سے متعلق غیر یقینی صورتحال ختم کریں، تمام سرکاری معاملات میں سیاسی مداخلت ختم کریں، محکمہ برقیات کے فنڈز، خریداری و تقسیم کے معاملہ کو پبلک کریں، نگرانی کے لیے کمیٹی تشکیل دیں۔

آٹے کا معیار و کوٹہ بڑھائیں۔ سمارٹ لاک ڈاون ختم کریں۔ بھمبر سٹی میں واٹر سپلائی سیوریج منصوبوں کی تحقیقات کرائیں۔ ریاستی لیول پر نیشنل گرڈ اسٹیشن کے قیام کے لیے کاوش کریں۔ سمارٹ لاک ڈاون کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ ریڑھیوں پر کوئی بجلی استعمال نہیں ہوتی، ان کو شام کو کاروبار کی اجازت دیں۔ بوسیدہ لائنز، پرانے ٹرانفسارمرز کی تبدیلی، برنالہ بجلی ورکشاپ کے قیام کے حوالہ سے بات کی، مختلف علاقوں میں انتہائی کم وولٹیج پر شکایات کی گئیں۔

بجلی کے کھمبوں کے ٹوٹنے اور لٹکتے ہوئے تاروں کی فوری مرمت کی جائے، بجلی تنصیبات کو عوام کے سامنے شفاف انداز میں پیش کیا جائے۔ بجلی بلز کا شفاف نظام قائم کیا جائے، ضلع بھمبر میں بے روزگاری کے خاتمے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔ ضلع بھمبر کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کی حالت جائے۔

(صحت، تعلیم، پانی و دیگر مسائل) صحت عامہ بنیادی صحت مراکز ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خالی آسامیوں کو فوری پُر کیا جائے۔ صحت کارڈ میں جاری مسائل کو حل کرکے عوام کے حقوق کا تحفظ بنایا جائے۔ تعلیم و ترقیاتی منصوبوں میں بدعنوانی کو ختم کریں۔ سیاسی دباؤ سے ہٹ کر محکمے اپنا کام کریں۔ زیر تعمیر دانش سکول سسٹم کی نگرانی کریں۔

شہری انفراسٹرکچر و بھمبر کے بازار، گلیاں اور سیوریج منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کیے جائیں گی۔ واٹر سپلائی پلانٹ فوری بحال کیا جائے گا اور شہریوں کو صاف پانی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ بھمبر شہر کو آلودہ کرنے والے ماحولیاتی مسائل کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور سیوریج نظام کا مستقل حل نکالا جائے۔

آزاد کشمیر کو لوڈشیڈنگ فری زون قرار دیا جائے، ناانصافیوں کے رویے اور ٹیکسز کا خاتمہ کر کے گرڈ اسٹیشن کے قیام کیلئے بھرپور تحریک چلائی جائے۔ اختتامی نوٹ میں کہا گیا کہ یہ ایجنڈا عوامی حقوق، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور شفاف نظام کے قیام کیلئے پیش کیا گیا ہے۔ ارکان مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ پایا تو عوامی ایکشن کمیٹی اپنے احتجاجی پروگرامز دینے پر مجبور ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close