عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ یہ کمی ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق خبروں کے بعد سامنے آئی۔ عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے خدشات میں واضح کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ امریکا ایران جنگ کے دنوں میں تیل کی قیمتیں 114 ڈالرفی بیرل پرتھیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 11 فی صد سے زائد کمی دیکھنے میں آئی ہے، جو پہلے سے جاری کمی میں مزید اضافہ ہے۔ یہ کمی ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق بیان کے بعد سامنے آئی۔
برینٹ خام تیل کے فیوچرز کی قیمت میں 11.12 ڈالر (11.2 فی صد) کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 88.27 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (وی ٹی آئی) خام تیل کے فیوچرز 11.40 ڈالر (12 فیصد) گر کر 83.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے۔
رپورٹس کے مطابق اس پیش رفت نے عالمی منڈی میں اس تاثر کو مضبوط کیا کہ توانائی کی سپلائی پر جاری شدید دباؤ میں کمی آ سکتی ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں نے فوری ردعمل دیا۔
تاہم ماہرین کے مطابق یہ تمام پیش رفت مارکیٹ ری ایکشن اور ابتدائی رپورٹس کی بنیاد پر ہے اور صورتِ حال کے مزید واضح ہونے تک توانائی منڈی میں اتار چڑھاؤ جاری رہ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ جنگ بندی کی بقیہ مدت کے دوران تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جائے گا۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو تمام جہازوں کے لیے کھولنے کے اعلان پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر شکریہ کی پوسٹ کردی۔
ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے اعلان کے بعد امریکی انٹرسٹ ریٹ فیوچرز میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے فیڈرل ریزرو کی جانب سے رواں سال شرحِ سود میں کمی کی توقع مضبوط ہو گئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق مارکیٹ میں اب تقریباً 60 فی صد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ دسمبر تک امریکی مرکزی بینک شرحِ سود میں کمی کرے گا۔
واضح رہے کہ ایران کی جانب سے یہ اعلان لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سامنے آیا ہے، جسے عالمی تجارت اور تیل کی بلا تعطل ترسیل کے حوالے سے انتہائی مثبت اور اہم سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لبنان جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے صدرٹرمپ کی قیادت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






