وشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (ٹویٹر) کے مالک اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 2020 کے بدنام زمانہ سیالکوٹ-لاہور موٹروے گینگ ریپ کیس کے مجرمان کی سزائے موت برقرار رکھنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی کھل کر تعریف کی ہے۔
برطانوی سیاست دان روپرٹ لو نے لاہور ہائیکورٹ کے اس فیصلے کے حوالے سے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اسے “پاکستان سے آنے والی ایک اچھی خبر” قرار دیا۔
دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے اس پوسٹ پر اپنا تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: “براوو پاکستان! مغرب (مغربی ممالک) میں ہمیں بھی بالکل یہی کرنا چاہیے”۔
ایلون مسک کا یہ عالمی ردِعمل پاکستان کے سب سے ہائی پروفائل مجرمانہ کیسز میں سے ایک میں آنے والے بڑے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ، جس میں جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس طارق محمود باجوہ شامل تھے، نے مرکزی مجرمان عابد علی عرف ملہی اور شفقت علی عرف بگا کی اپیلیں خارج کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی عدالت (ATC) کی جانب سے دی گئی سزائے موت کو برقرار رکھا تھا۔
مجرمان نے 2021 میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی اور موقف اپنایا تھا کہ استغاثہ کے کیس میں خامیاں ہیں، تاہم سرکاری پراسیکیوٹر نے عدالت میں ناقابلِ تردید شواہد پیش کیے جس پر عدالت نے اپیلیں مسترد کر دیں۔
یاد رہے کہ ستمبر 2020 میں رات گئے پیٹرول ختم ہونے پر موٹروے پر کھڑی گاڑی میں خاتون کو بچوں کے سامنے درندگی کا نشانہ بنایا گیا تھا، جس پر ملک گیر احتجاج اور شدید غم و غصہ دیکھنے میں آیا تھا۔ اب ایلون مسک کے اس بیان نے اس فیصلے کو عالمی سطح پر سرخیوں میں لا کھڑا کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






