ملکی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے پاور سیکٹر کے ملازمین کے لیے بجلی کے مفت یونٹس کی سہولت ختم کر دی ہے۔
وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن اویس لغاری نے پاور سیکٹر کے ملازمین کے لیے فری یونٹس کی سہولت کے خاتمے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے
وزیر توانائی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاور سیکٹر کے اہلکاروں کے فری یونٹس ختم کیے گئے ہیں۔
اویس لغاری نے کہا کہ معزز عدالت نے پاور ڈویژن کی عرضی کو قبول فرمایا۔ فری یونٹس کا خاتمہ عوام کا سب سے پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا۔
انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اس مطالبے کو پورا کرنے کا اعزاز انہیں عطا فرمایا ہے۔
وفاقی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ان شا اللہ ہر وہ اقدام ضرور کیا جائے گا جو ملک اور قوم کی اجتماعی بہتری کے لیے ہو، حکومت عوامی مفاد میں اصلاحات کے عمل کو جاری رکھے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






