اگلے مالی سال 27-2026 کے لیے وفاقی بجٹ پیش کیے جانے میں تاخیر کا امکان ہے اور اب یہ بجٹ 10 یا 12 جون کو پیش کیا جائے گا۔
اگلے مالی سال 27-2026 کے لیے وفاقی بجٹ جو جمعہ 5 جون کو پیش کیا جانا تھا، تاہم اب اس میں تاخیر کا امکان ہے اور یہ بجٹ 10 یا 12 جون کو پیش کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے بجٹ سے قبل قومی اقتصادی کونسل کا کل ہونے والا اجلاس بھی ملتوی کر دیا ہے اور ذرائع نے بتایا کہ گلگت بلتستان کے الیکشن سے پہلے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس نہیں ہو سکے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اب 3 کے بجائے 8 جون کو بلائے جانے کا امکان ہے جب کہ بجٹ میں ریلیف کے لیے آئی ایم ایف سے مذاکرات کے مزید دور ہوں گے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کی نئی اور حتمی تاریخ کا اعلان آج شام تک کیا جائے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا باضابطہ نوٹیفکیشن اب تک جاری نہ ہو سکا ہے۔ ایوان صدر کے ترجمان نے بجٹ اجلاس 5 جون کو طلب کرنے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
تاہم اسمبلی سیکریٹریٹ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی تک قومی اسمبلی بجٹ اجلاس کی طلبی کا سمن نہیں ملا ہے اور جب تک باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوگا، تب تک ارکان کو آگاہ نہیں کر سکتے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں ایوان صدر نےبتایا ہے کہ شام تک نوٹیفکیشن سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بجٹ قومی اسمبلی میں 5 جون کو پیش کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ بجٹ اجلاس کی حتمی تاریخ کا فیصلہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






