ایران جنگ بند کروانے کے بعد ایک اور ملک کے وزیراعظم نے جنگ رکوانے کیلئے پاکستان سے درخواست کردی

اسلام آباد لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے لبنان اور اس کے عوام پر حملوں کو فوری ختم کرنے کیلئے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی ہے۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور لبنان کے وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کیخلاف اسرائیل کی جاری جارحیت کی شدید مذمت کی اور لبنان میں ہزاروں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن کے لیے مخلصانہ کوششوں میں مصروف ہے اور اسی جذبے کے تحت ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات کا انعقاد کیا جارہا ہے۔وزیر اعظم آفس کے مطابق لبنانی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف کی امن کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور لبنان اور اس کے عوام پرحملوں کو فوری ختم کرنے کے لیے پاکستان سے تعاون طلب کیا، دونوں رہنمائوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔ غیر ملکی خبررساں ا دارے کے مطابق لبنانی وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نواف سلام نے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس بات کی تصدیق کی جائے کہ جنگ بندی میں لبنان بھی شامل ہے تاکہ گزشتہ روز کے اسرائیلی حملے جیسے مزید حملوں کو روکا جاسکے۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز اسرائیلی حملوں میں لبنان میں 200 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔امریکا اور اسرائیل کا کہنا ہے کہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہے جبکہ اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔دوسری جانب ایران کے سپیکر پارلیمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ ایران لبنان کو جنگ بندی کا لازمی حصہ سمجھتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close