صحت مند آبادی سے ہی زیادہ پیداواری صلاحیت ممکن ہے، وفاقی وزیر خزانہ

کراچی (آن لائن) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نارتھ ناظم آباد کراچی میں سیفی ہسپتال کے جدید کارڈیک ونگ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ سیفی ہسپتال کا نیا کارڈیک ونگ کراچی کے عوام کو بروقت اور عالمی معیار کی امراضِ قلب کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے کارڈیک ونگ میں جدید کیتھیٹرائزیشن لیبز سمیت اعلیٰ معیار کی تشخیصی اور طبی سہولیات دستیاب ہوں گی، جس سے شہریوں کو امراضِ قلب کے علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہسپتال صرف عمارت اور جدید طبی آلات کا نام نہیں بلکہ ڈاکٹروں، نرسوں اور معاون طبی عملے کی مہارت، لگن اور ہمدردی ہی حقیقی فرق پیدا کرتی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ معیاری صحت کی سہولیات تک رسائی بڑھانے اور سرکاری نظامِ صحت پر دباؤ کم کرنے میں نجی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔ کمیونٹی اقدامات اور عالمی معیار کی طبی مہارت کا امتزاج پاکستان کے شعبہ صحت کے لیے اہم ماڈل ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کو محض سماجی اخراجات کے طور پر نہیں بلکہ پاکستان کے سب سے قیمتی قومی اثاثے یعنی عوام میں سرمایہ کاری سمجھنا چاہیے۔ صحت مند آبادی زیادہ پیداواری صلاحیت، مضبوط انسانی سرمایہ اور بہتر معاشی لچک کا باعث بنتی ہے۔

وزیر خزانہ نے بوہری برادری کی دیرینہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح میں نمایاں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور معاشرتی فلاح کے لیے بوہری برادری کی مسلسل کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے کارڈیک ونگ کے قیام میں تعاون کرنے والی کمیونٹی، ہسپتال انتظامیہ، طبی ماہرین اور تمام متعلقہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

محمد اورنگزیب نے امید ظاہر کی کہ سیفی ہسپتال کا کارڈیک ونگ کراچی میں مرکزِ امتیاز بنے گا اور ملک بھر کے دیگر اداروں کے لیے مثال قائم کرے گا۔