اسلام آباد: پاکستان نے قبل از وقت قرض کی اب تک کی سب سے بڑی ادائیگی کردی ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان نے 1200 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے کافی پہلے ادا کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ اب تک کی سب سے بڑی واحد قبل از وقت قرض ادائیگی ہے، جبکہ مقررہ مدت سے پہلے ادا کیے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 5 ہزار 920 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔ اس ادائیگی کے بعد پاکستان کی قبل از وقت قرض واپسی 6 ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گئی ہے۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ مالی سال 2025 میں 1800 ارب روپے کا قرض قبل از وقت ادا کیا گیا، جبکہ مالی سال 2026 کے دوران 2900 ارب روپے کا قرض مقررہ مدت سے پہلے واپس کیا گیا۔
مالی سال 2027 کے دوران مزید 1200 ارب روپے اب تک واپس کیے جا چکے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ فعال قرض مینجمنٹ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے قرض اور مستقبل کی ادائیگیوں کا دباؤ کم ہو رہا ہے، سرکاری مالیات مضبوط ہو رہی ہیں اور معیشت کے لیے مزید مالی گنجائش پیدا ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں چین نے پاکستان کے لیے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر کا قرض مؤخر کردیا تھا۔






