اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کے تمام تجربات فوری طور پر بند کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے اہم بیان میں انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ جوہری تجربات ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو تباہ کر دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جوہری تجربات دنیا بھر میں جوہری ہتھیاروں کی نئی دوڑ کو ہوا دیتے ہیں اور ان معاشروں کے ساتھ صریح غداری کے مترادف ہیں جو آج بھی ماضی میں کیے گئے جوہری تجربات کے ہولناک نتائج بھگت رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے تمام جوہری طاقتوں اور جوہری ہتھیار رکھنے والی ریاستوں پر دوٹوک الفاظ میں زور دیا کہ وہ جوہری تجربات پر عائد موجودہ پابندیوں کی مکمل پاسداری کریں اور جوہری تجربات پر پابندی کے عالمی معاہدے (سی ٹی بی ٹی) پر غیر مشروط عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ ایک بار پھر جوہری تجربات کے مکمل خاتمے کے اپنے عزم کا پختہ اعادہ کیا جائے۔






