انا للہ و انا الیہ راجعون ، پولیس پر حملہ

ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت زخمی ہونے والے 6 پولیس اہلکاروں میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں شہید ہوگیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ ہتھالہ کی حدود میں پیش آیا۔ ڈی ایس پی کفایت خان کی قیادت میں پولیس پارٹی ٹانک روڈ سے گزر رہی تھی کہ پوٹا اور امین فارم کے درمیانی علاقے میں مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا۔

ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے حملے کا فوری جواب دیا، تاہم فائرنگ کے دوران پولیس کی گاڑی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی کفایت خان سمیت 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جبکہ چھٹے اہلکار کو گولی لگی تھی۔

ڈی پی او ضیاء الدین احمد نے ہم نیوز کو بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا، جہاں ڈی ایس پی کا گن مین سعید خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔

یاد رہے کہ اسی ماہ کی 3 تاریخ کو سوات کے تھانہ کبل پر خودکش حملے میں 17 افراد شہید جبکہ 19 زخمی ہوئے تھے۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان کے مطابق خودکش حملہ آور کا سر جائے وقوعہ سے ملا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں حملہ آور کے افغان شہری ہونے کی نشاندہی کی گئی۔

اس سے قبل فروری 2025 میں باجوڑ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق تحصیل خار کے علاقے نوی کلی میں مسلح افراد نے پولیس کے ابابیل اسکواڈ پر حملہ کیا تھا، جس میں 4 اہلکار موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 2 شدید زخمی ہوئے تھے۔