وزیراعظم کا پمز سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پمز سانحہ سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں نومولود بچوں کی ہلاکت کے واقعے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی۔

اجلاس میں تحقیقاتی کمیٹی نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز سمیت 10 افسران کو عہدوں سے ہٹانے کی سفارش کی۔ رپورٹ میں پمز میں فائر سیفٹی اور طبی سہولیات سے متعلق سنگین خامیوں کی نشاندہی کی گئی، جبکہ سانحے کے وقت ڈیوٹی سے غیر حاضر عملے کے خلاف کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں ذمہ دار افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی گئی، جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ پمز کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔ اجلاس میں پمز میں فائر سیفٹی کے انتظامات مزید بہتر بنانے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ پمز سانحے میں آتشزدگی کے باعث 14 نومولود بچوں کی جانیں گئی تھیں۔