پیٹرول گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی

لاہور پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں کیلئے پیٹرول گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی۔اس بات کا اعلان وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے کیا۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے سرکاری محکموں کے لیے پٹرول سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب سرکاری اداروں میں صرف ہائبرڈ یا الیکٹرک گاڑیاں خریدی جائیں گی اور حکومت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر عالمی حالات، خصوصا جنگی صورتحال برقرار رہی تو حکومت کے پاس پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے فیول کے استعمال میں کمی لانے کی کوشش کی، تاہم عوامی سطح پر اس حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔پاکستان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک ہر ہفتے 7 سے 10 فیصد تک فیول کے استعمال میں اضافے کا سامنا کر رہا ہے، اور اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی 81 فیصد پٹرولیم مصنوعات مشرق وسطی سے درآمد کرتا ہے، جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں اتار چڑھا ئوکا براہِ راست اثر مقامی قیمتوں پر پڑتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close