اسلام آباد میں جاری بیان کے مطابق ایم او ایل پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ٹل بلاک میں گیس کے نئے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کیا ہے جس سے یومیہ تقریباً چھبیس اعشاریہ پانچ ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہونے کی توقع ہے
کمپنی کے مطابق کوہاٹ میں واقع بلیٹنگ ایک ایس ٹی ایکسپلوریٹری کنویں میں لمشی وال فارمیشن سے گیس اور معمولی مقدار میں کنڈینسیٹ کی کامیاب تشخیص کی گئی جس سے ملکی ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافہ اور توانائی کے تحفظ کو مقامی وسائل کے ذریعے بہتر بنانے میں مدد ملے گی، اعلامیے کے مطابق کنویں کی کھدائی دس اگست دو ہزار پچیس کو شروع کی گئی اور اسے بہتر نتائج کے لیے سائیڈ ٹریک کرتے ہوئے چار ہزار چار میٹر کی گہرائی تک مکمل کیا گیا، ٹیسٹنگ کے دوران حاصل ہونے والے ڈیٹا سے یومیہ پیداوار کی صلاحیت کی تصدیق ہوئی جبکہ اس دریافت سے ٹل بلاک میں مزید تلاش کے امکانات بھی روشن ہوئے ہیں، ایم او ایل پاکستان اس منصوبے میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ شراکت داری میں کام کر رہی ہے، حکام کے مطابق یہ پیش رفت ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور مقامی وسائل کے مؤثر استعمال کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






