کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز رہا۔ انہوں نے 2006 میں انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے کو اپنے کیریئر کے یادگار لمحات قرار دیا۔
انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، اہلخانہ اور مداحوں کی حمایت پر دل سے شکر ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ٹیم کی تینوں فارمیٹس میں قیادت کرنا ان کے لیے خواب کی تعبیر تھا۔ سرفراز احمد نے ہمیشہ نڈر کرکٹ کھیلنے اور متحد ٹیم بنانے کی کوشش کی۔
سرفراز احمد کے مطابق بابر اعظم، فخر زمان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان جیسے میچ ونرز کو ابھرتے دیکھنا ان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتماد اور حمایت کو بھی ہمیشہ یادگار قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ ان کے دل کے قریب رہے گی اور وہ ہر ممکن طریقے سے کھیل کی خدمت جاری رکھیں گے۔
سرفراز احمد کے کیریئر پر ایک نظر: انہوں نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے، مجموعی طور پر 6164 رنز بنائے اور وکٹ کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔
انہوں نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت کی اور انہی کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتی۔ سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔
سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتا۔ حکومتِ پاکستان نے انہیں 2018 میں پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






