چند گھنٹوں بعد انڈین نیشنل کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ یہ اہم میچ نریندر مودی اسٹیڈیم، احمد آباد میں کھیلا جائے گا، جہاں جیتنے والی ٹیم ٹرافی کے ساتھ بھاری انعامی رقم بھی حاصل کرے گی ۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے آئی سی سی نے مجموعی طور پر 13.5 ملین ڈالرز کا انعامی پول رکھا ہے جو 2024 کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہے ۔ تفصیلات کے مطابق فاتح ٹیم کو 3 ملین ڈالرز جبکہ رنرز اپ کو 1.6 ملین ڈالرز ملیں گے ۔
سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں (جنوبی افریقہ اور انگلینڈ) کو 7 لاکھ 90 ہزار ڈالرز دیے جائیں گے، جبکہ سپر 8 مرحلے تک پہنچنے والی ٹیمیں 3 لاکھ 80 ہزار ڈالرز حاصل کریں گی۔ گروپ مرحلے میں شریک ٹیموں کو کم از کم 2 لاکھ 50 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی ۔
یاد رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں انڈین نیشنل کرکٹ ٹیم نے ٹائٹل جیتا تھا جبکہ ساؤتھ افریقہ کرکٹ ٹیم رنرز اپ رہی تھی ۔
اب شائقینِ کرکٹ کی نظریں احمد آباد پر مرکوز ہیں جہاں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والا یہ فائنل یادگار مقابلہ ثابت ہونے کی توقع ہے ۔
یاد رہے کہ بھارتی ٹیم کو ایونٹ میں صرف جنوبی افریقہ نے سپر 8 مرحلے میں شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ کو گروپ مرحلے میں جنوبی افریقہ اور سپر 8 مرحلے میں انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ کیویز نے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کو 9 وکٹوں سے ہرایا ، جبکہ بھارت نے انگلینڈ کو 7 رنز سے شکست دی ۔
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان 30 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گئے ہیں، جس میں بھارت نے 18 میں کامیابی حاصل کی جبکہ کیویز نے 11 میچز جیتے جبکہ ایک میچ برابر رہا ۔ تاہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کے مدمقابل آنے کا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے حق میں ہے جس نے تینوں مقابلوں (2007، 2016 اور 2021) میں کامیابی حاصل کی ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






