پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر مجاز ایکٹیویشن اور اس کے نتیجے میں موبائل بیلنس سے غیر متوقع کٹوتیوں پر اہم بیان دے دیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اتھارٹی کے نوٹس میں آیا ہے کہ صارفین کی جانب سے ویلیوایڈڈ سروسز (VAS) کی غیر مجازا یکٹیویشن اور اس کے نتیجے میں بیلنس سے غیر متوقع کٹوتیوں سے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں، صارفین کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور باقاعدگی سے اپنے موبائل بیلنس اور فعال سبسکر پیشنٹر چیک کرتے رہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ عام طور پر ویلیوایڈڈ سروسز میں کالر ٹیون (رنگ بیک ٹون)، روزانہ ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ بنڈلز، مسڈ کال الرٹس، موبائل گیمز، کوئی سروسز، انفوٹینمنٹ الرٹس اور دیگر سبسکرپشن پر مبنی مواد شامل ہوتا ہے، یاد رہے کہ آپ کی واضح اجازت کے بغیر کوئی بھی VAS فعال نہیں کی جا سکتی۔
پی ٹی اے نے مزید کہا کہ کسی بھی سروس کی ایکٹیویشن کیلیے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کی تصدیق اور مخصوص یو ایس ایس ڈی کوڈ ڈائل کرنا ضروری ہوتا ہے، اگر آپ نے نہ تو OTP شیئر کیا ہے اور نہ ہی کوئی کوڈ ڈائل کیا ہے تو سروس فعال نہیں ہونی چاہیے، ایسی صورت میں ایکٹیویشن غیر مجاز ہوتی ہے۔ ’اگر آپ کو بیلنس میں بلاوجہ کٹوتی نظر آئے تو فوراً اپنے متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر سے رابطہ کریں، باقاعدہ شکایت درج کروائیں اور شکایت کا ریفرنس نمبر حاصل کریں، آپریٹر کو مسئلہ حل کرنے کیلیے مقررہ وقت دیا جانا ضروری ہے۔ اگر معاملہ تسلی بخش طور پر حل نہ ہو تو آپ پی ٹی اے کے کمپلیٹ مینجمنٹ سٹم (CMS) کے ذریعے شکایت درج کروا سکتے ہیں۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






